Get Alerts

شاہ زیب رند کی شاندار کامیابی، ایک ہی رات میں تین ناک آؤٹس کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا

شاہ زیب رند کی شاندار کامیابی، ایک ہی رات میں تین ناک آؤٹس کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا

میامی  : پاکستان کے معروف فائٹر شاہ زیب رند نے امریکا کے شہر میامی میں ہونے والے ’دی ہیلو: 8 مین ٹورنامنٹ‘ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک ہی رات میں تینوں مقابلے ناک آؤٹ کے ذریعے جیت کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

فلوریڈا کے شہر میامی میں واقع بونک اسٹوڈیوز میں منعقدہ 155 پاؤنڈ لائٹ ویٹ ٹورنامنٹ میں 8 فائٹرز نے حصہ لیا۔ شاہ زیب رند نے کوارٹر فائنل میں نک لونگوریا کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل اور فائنل میں بھی اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کرکے ٹائٹل حاصل کیا۔

شاہ زیب رند اس سے قبل سنگاپور میں ہونے والی کیرٹی کومبیٹ چیمپئن شپ KC-49 بھی جیت چکے ہیں، جہاں انہوں نے فائنل میں برازیل کے برونو رابرٹو ڈی اسس کو شکست دے کر پاکستان کے پہلے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

رند نے میکسیکو سٹی میں منعقدہ کیرٹی کومبیٹ 44 میں پیرو کے مارکو کیوباس کو صرف 21 سیکنڈز میں فلائنگ نی کے ذریعے ناک آؤٹ کیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ سابق تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایڈگرز اسکریورز کے خلاف بھی ناک آؤٹ کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔

2023 میں شاہ زیب رند نے بیئر نیکل ایم ایم اے کے مقابلے میں کارلوس گویرا کو بھی ناک آؤٹ کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

شاہ زیب رند پاکستان کے نمبر ون رینکڈ ووشو فائٹر ہیں۔ ووشو اور کک باکسنگ میں ان کا مجموعی ریکارڈ 75 فتوحات اور 4 شکستوں پر مشتمل ہے۔ رند کے مطابق ان کی کامیابیوں میں خود سیکھ کر کی جانے والی تربیت کا بھی اہم کردار ہے، جس کے لیے انہوں نے یوٹیوب ویڈیوز سے استفادہ کیا۔

ٹیگز: