پنجاب حکومت کا مزید 17 اضلاع میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا مزید 17 اضلاع میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ
کیپشن: پنجاب حکومت کا مزید 17 اضلاع میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے مزید اضلاع میں سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مراد راس نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے کے 17 اضلاع کے تمام سرکاری اور نجی سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 13 اضلاع میں سکول پہلے سے بند جبکہ آج اوکاڑہ، جھنگ، خانیوال اور بھکر میں بھی سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 17 اضلاع میں نویں سے بارہویں جماعت کے طلبہ ہفتے میں دو دن سکول آئیں گے۔ پنجاب کے باقی اضلاع میں سکول ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کے ساتھ پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

e005a202d25d16f59d3f51ad734344ac

ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ مشکل لیکن طلبا اور اساتذہ کی حفاظت کے لئے کیا گیا ہے۔ کسی بھی قیمت پر ان کی زندگی خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت سکول عیدالفطر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جن اضلاع کے سکولوں پر پہلے سے بندش ہے ان میں راولپنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کورونا کے حوالے سے ہلاکت خیز رہے جس میں مزید 144 افراد وائرس سے انتقال کر گئے جب کہ 5800 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 53818 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5870 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 144 افراد انتقال کر گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 10.9 فیصد رہی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 16842 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 84108 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 84976 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5685 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 82290 ہو گئی ہے۔