پی ڈی ایم میں شامل مفاد پرست ٹولے کی سمتیں مختلف، منزلیں جدا ہیں: شبلی فراز

پی ڈی ایم میں شامل مفاد پرست ٹولے کی سمتیں مختلف، منزلیں جدا ہیں: شبلی فراز
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے اپوزیشن اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے والوں کے اپنے خلاف ''تحریک'' چل پڑی ہے۔ یہ سانجھ کی ہنڈیا اب بیچ چوراہے پھوٹ رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شبلی فراز نے کہا کہ ذاتی مفاد کو فوقیت دینے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ مولانا محمد خان شیرانی اور حافظ حسین احمد کا بیان اس کی واضح گواہی ہے۔

شبلی فراز نے اپنی ٹویٹس میں لکھا کہ اللہ تعالی اپوزیشن کو توفیق دے کہ اسے عوام اور ان کے مسائل نظر آنے لگیں۔ منتشر الخیال اپوزیشن کی انتشاری سیاست میں ملک اور عوام کا بھلا نہیں ہے۔

خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام کے سینئر رہنماؤں مولانا محمد خان شیرانی اور حافظ حسین احمد سمیت دیگر نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جماعت کسی کی میراث نہیں ہے۔

جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے اپنے ایک بیان میں پی ڈی ایم کو مفاد پرستوں کا ٹولہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ غیر فطری اتحاد جلد ٹوٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کا کوئی نظریہ نہیں، یہ لوگ صرف اقتدار حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ادھر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے ایک اور رہنما حافظ حسین احمد نے بھی گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کیخلاف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں صدارتی الیکشن لڑنے والے آج اسی پارلیمنٹ کو جعلی کہہ رہے ہیں۔ اسی اسمبلی میں ان کے صاحبزادے بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بتائیں کہ انہوں نے کس کے کہنے پر آزادی مارچ ختم کیا تھا۔