"جس کا گیس بل 1000 آتا تھا اب 2500 آئے گا"

کیپشن: سوئی ناردرن گیس نے قیمت میں اضافے کی درخواست کر دی
سورس: فائل فوٹو

لاہور: عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا دینے کے لئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ( ایس این جی پی ایل) نے گیس کی اوسط قیمت میں بڑے اضافے کی درخواست کر دی۔

سوئی ناردرن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو گیس کی اوسط قیمت میں157.50 فیصد اضافےکی درخواست دی گئی ہے۔ گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواست کی یکم دسمبرکو لاہور میں عوامی سماعت ہوگی۔گیس کی قیمت بڑھنےسے جس کا بل 1000 آتا تھا اب 25 سو آئے گا۔

خیال رہے کہ گیس کی قیمت میں اضافے کی درخواست ایسے وقت کی گئی ہے جب پہلے ہی ملک بھر میں صارفین گیس کی قلت کا شکار ہیں۔ ملک میں گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی سے پشاور تک گیس غائب ہے۔

سردیوں میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کی کمی کے مسئلے نے عوام کو نئی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے جبکہ صبح کے آغاز سے دن کے اختتام تک کہیں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے تو کہیں گیس کا کوئی نام و نشان نہیں جس کے باعث بچے بڑے ناشتے کے بغیر گھر سے نکلنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اتنی بڑھ گئی ہے کہ ہر بار باہر سے کھانا خریدنے کی سکت نہیں۔