کوئٹہ : بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں ایک بار پھر تیزی آگئی، کوئٹہ کے ایوب سپورٹس کمپلیکس میں چھٹے آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
ٹورنامنٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے 81 فٹبال ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کے باعث ایوب سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کا بھرپور ماحول دیکھنے میں آرہا ہے۔
چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں بلوچ کلب نوشکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغان کلب چمن کو ایک گول کے مقابلے میں صفر سے شکست دے دی۔
افتتاحی تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ماہی گیری حاجی برکت رند نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کے لیے نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے، رنر اپ کو 15 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔