Get Alerts

شہباز شریف سے بنگلادیشی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اہم گفتگو

شہباز شریف سے بنگلادیشی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر اہم گفتگو

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور تعاون سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے۔

ملاقات کے بعد پاکستان اور بنگلادیش نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک بنگلادیش تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدارت سنبھالنے پر بنگلادیش کو مبارکباد دی۔ انہوں نے عالمی ادارے کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ کیلئے بنگلادیش کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بنگلادیش کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید وسعت دینے اور موجودہ تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مثبت پیش رفت کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور تعاون کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ٹیگز: