وزیر اعظم شہباز شریف کا ناروے کے وزیر اعظم کو فون، فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

وزیر اعظم شہباز شریف کا ناروے کے وزیر اعظم کو فون، فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ناروے کے وزیراعظم جونس گیہرسٹور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ناروے کے وزیر اعظم جونس گیہرسٹور کے ساتھ ایک بہترین ٹیلی فون کال ہوئی اور  اسرائیل کی ظالمانہ فوجی جارحیت کے تناظر میں فلسطین کی ریاست تسلیم کرنے کے ناروے کے فیصلے کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گفتگو کے دوران عالمی عدالت (آئی سی جے) کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا، جس میں اسرائیل کو غزہ اور رفح میں اپنے گھناؤنے اقدامات روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ ناروے اور پاکستان دونوں پختہ یقین رکھتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ دو ریاستی حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا بہترین راستہ پیش کرتا ہے۔

وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ امید ہے کہ ناروے، اسپین اور آئرلینڈ کے اس جرات مندانہ اور اصولی فیصلے سے دوسرے ممالک کو فلسطین کی ریاست تسلیم کرنے کے لیے اس کی پیروی کرنے کی ترغیب ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری بہادر، معصوم کشمیریوں کی حالت زار پر بھی اسی طرح توجہ دے گی جو گزشتہ 76 برس سے وحشیانہ قبضے اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں۔

مصنف کے بارے میں