سینیٹ میں سی پیک اتھارٹی بل منظور، اجلاس جمعہ تک ملتوی

سینیٹ میں سی پیک اتھارٹی بل منظور، اجلاس جمعہ تک ملتوی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سینیٹ میں اپوزیشن کی عدم موجودگی میں سی پیک اتھارٹی بل منظور کر لیا گیا ہے اور اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیاہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سی پیک اتھارٹی کے قیام کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا جس پر اپوزیشن نے مشیر بابر اعوان کو بل پیش کرنے سے روک دیا، اپوزیشن کی مخالفت پر شبلی فراز نے یہ بل پیش کیا اور کہا کہ سینیٹ سی پیک اتھارٹی بل کی تحریک فوری منظور کرے، اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور بل کی مخالفت کی۔ 
ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل سی پیک منصوبے سے جڑا ہے، سی پیک اتھارٹی کا جلد از جلد قیام ہو تاکہ بجٹ میں شامل کیا جائے جس پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم جانتے ہیں چین کے ساتھ بہت اہم تعلقات ہیں، سی پیک اتھارٹی بل کو آخر میں اضافی ایجنڈا کے طور پر حکومت لے آئی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت اس وقت بل لائی جب سب اراکین چلے گئے ہیں، سی پیک اتھارٹی بل کو کل لے آئیں تاہم یہ بل آج ہی ایوان میں پیش کر دیا گیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے اس امر کی شدید مخالفت کی گئی اور بل پیش کئے جانے پر احتجاج کیا گیا۔ 
سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن سی پیک اتھارٹی بل کی منظوری کے معاملے پر احتجاجاً واک آؤٹ کر گئی جبکہ سی پیک اتھارٹی بل کی مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا اور یوں یہ بل منظور ہو گیا جس کے بعد سینیٹ اجلاس جمعہ کی صبح 11بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔