مودی کا کرنسی بدلنے کا فیصلہ ، آئی فون کی سیل میں 50فیصد اضافہ

مودی کا کرنسی بدلنے کا فیصلہ ، آئی فون کی سیل میں 50فیصد اضافہ

ممبئی:بھارت نے تین ہفتے پہلے اچانک ملک میں 500 سے 1000 کے کرنسی نوٹوں کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ اس فیصلے نے ملک میں کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے، جس میں اسمارٹ فونز کی فروخت بھی شامل ہے لیکن ایپل اس کی شکایت نہیں کرے گا کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس اعلان کے بعد صرف تین دن میں ایپل نے بھارت میں ایک لاکھ سے زیادہ آئی فون فروخت کیے۔

ان دو بڑے نوٹوں کے خاتمے کا مقصد "کالے دھن" اور ٹیکس دائرے سے بچا کر رکھے جانے والے پیسے کو ناکارہ بنانا تھا۔ لیکن اس اعلان کے ساتھ ہی ملک میں امیر طبقے نے اپنی نقدی کو مہنگی چیزوں سے بدلنے کے لیے کام کرنا شروع کردیا۔ سونے کی دکانوں، مہنگی گھڑیوں اور آئی فونز کی فروخت میں یکدم اضافہ ہوگیا جو پیسوں کو ٹھکانے لگانے کا ایک موثر ذریعہ بن گئے ہیں۔

انڈین سیلولر ایسوسی ایشن کے مطابق تین ہفتوں میں ملک میں فونز کی فروخت میں 50 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جبکہ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر سے دسمبر کے دوران مارکیٹ میں 10 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔ لیکن یہ صورت حال ایپل کے لیے رحمت ثابت ہو رہی ہے جو بھارت جیسی بڑی مارکیٹ کا فائدہ اٹھانا چاہ رہا تھا، لیکن ابھی تک نہیں اٹھا پایا تھا۔