ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی

ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات نشریات کا کہنا ہے کہ یہ کمی حکومت کا عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 90 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 196 روپے 67 پیسے ہو گی۔ 
اوگرا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 69.63 روپے کمی ہوئی ہے اور اس کی نئی قیمت 2 ہزار 320 روپے 81 پیسے ہو گئی ہے۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایل پی جی کی قیمت میں کمی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ کے بعد حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کمی کر دی ہے اور یہ حکومت کا عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی سے ملک کی 72 فیصد آبادی کو براہ راست فائدہ ہو گا جبکہ آئندہ سال توانائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی واضح کمی ہو گی۔