" تہران کی طرف سے اسرائیل کے بحری جہاز کو دھماکے سے اُڑانے کی ناکام کوشش کی گئی " اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی بحری جہازکے قریب ایران کا دھماکہ ،وزیر اعظم اسرائیل کا بڑا دعویٰ 

تہران:اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ہفتے اسرائیلی بحری جہاز کے قریب ایک خوفناک دھماکہ کروایا گیا ،دھماکہ کا الزام اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایران پر لگاتےہوئے کہا کہ تہران کو اس قسم کی جارحیت سے بعض رہنا چاہیے ،اسرائیل ایران کی طرف سے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ۔

وزیر اعظم اسرائیل نیتن یاہو نے ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تہران کی طرف سے اسرائیل کے بحری جہاز کو دھماکے سے اُڑانے کی ناکام کوشش کی گئی ،انہوں نے بتایا کہ جہاز کے ایک حصے کو بُری طرح نقصان پہنچا ہے ،بحری جہاز کو مرمت کرنے کیلئے دبئی پورٹ پر لیجایا گیا ،حکام کا کہنا ہے دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

واضح رہے اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع بھی بحری جہاز کے قریب ہونے والے دھماکے کا الزام ایران پر لگا چکے ہیں ،عرب میڈیا کے مطابق وزیر اعظم اسرائیل نے دھماکے سے متعلق اب تک کوئی شواہد فراہم نہیں کیے ۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتاچلا ہےکہ اس کا ذمہ دار ایران ہے جب کہ اقوام متحدہ اور امریکا کے لیے اسرائیل کے سفیر نے بھی ایران پر دھماکے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے خطے میں سکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے۔

( بشکریہ نئی بات )