Get Alerts

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید: میٹا کا بڑا اعلان

 سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کی تردید: میٹا کا بڑا اعلان

کیلیفورنیا: سماجی رابطوں کی معروف کمپنی میٹا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو اور افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹا صارفین کے نجی پیغامات (ڈی ایمز) کو اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال کرے گا۔ میٹا نے اس دعوے کو "غلط اور گمراہ کن" قرار دیتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ ایسا کوئی عمل نہیں کیا جا رہا۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ فیس بک، انسٹاگرام، یا واٹس ایپ کے ذریعے صارفین کے نجی پیغامات، تصاویر، ویڈیوز یا وائس نوٹس بغیر کسی اجازت کے کسی بھی صورت میں اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ کے لیے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ میٹا کے مطابق، صرف وہ معلومات جو صارفین خود میٹا اے آئی کے ساتھ بات چیت کرتے وقت فراہم کرتے ہیں، وہی استعمال کی جائیں گی۔

مزید براں، میٹا نے اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ یہ پالیسی صرف ان فیچرز پر لاگو ہوگی جن میں صارف خود میٹا اے آئی سے بات چیت کرتا ہے، اور یہ پالیسی 16 دسمبر 2025 سے نافذ ہوگی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میٹا کی نئی اپ ڈیٹ کے بعد تمام ڈی ایمز خودکار طور پر اے آئی ماڈلز میں فیڈ ہو جائیں گے، تاہم کمپنی نے اس دعوے کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا۔

ڈیجیٹل ماہرین کا کہنا ہے کہ میٹا کا یہ وضاحتی بیان صارفین کے خدشات کو دور کرنے میں مدد دے گا، لیکن انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ صارفین اپنی پرائیویسی سیٹنگز کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور حساس معلومات میٹا اے آئی چیٹس میں شیئر کرنے سے گریز کریں۔

اس وضاحت کے ذریعے میٹا کا مقصد صارفین کے اعتماد کو بحال کرنا اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کا خاتمہ کرنا ہے۔
 
 

ٹیگز: