بھارت نے اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

بھارت نے اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا اعلان کر دیا

نئی دہلی: بھارت نے 2023 تک اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارت میں نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے دوران بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے اعلان کیا کہ ملک میں اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت  میں ڈیجیٹل روپے کا تعارف “بلاک چین اور دیگر ٹیکنالوجیز” پر مبنی ہوگا۔

نرملا سیتارامن نے  اپنی بجٹ تقریر کے دوران مزید  کہا کہ ’مرکزی بینک کی ڈیجیٹل کرنسی کا تعارف ڈیجیٹل معیشت کو ایک بڑا فروغ دے گا، اور ڈیجیٹل کرنسی زیادہ موثر اور سستی کرنسی مینجمنٹ سسٹم کا باعث بنے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ ریزرو بینک آف انڈیا یکم اپریل سے شروع ہونے والے مالی سال 2022-2023 میں ڈیجیٹل روپیہ متعارف کرائے گا۔ تاہم سیتارامن نے اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں کہ ڈیجیٹل روپیہ کیسے کام کرے گا یا یہ کیسا نظر آئے گا۔

خیال رہے کہ بھارت میں  کرپٹو ڈیجیٹل کرنسی کمائی  کا مقبول ذریعہ بنتی جا رہی ہے جس کے بعد ہی بھارتی حکومت نے اپنی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 حال ہی میں بالی ووڈ کنگ کے حوالے سے بھی کرپٹو کرنسی کے ذریعے کروڑوں روپے کمانے کی خبر سامنے آئی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کرپٹوکرنسی سے کمائی کے بھی شہنشاہ نکلے۔ کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری سے ایک سال میں کروڑوں روپے کما لئے۔

امیتابھ بچن نے 2015 میں اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ سنگاپورکی ایک کمپنی کے ذریعے کرپٹوکرنسی میں ڈھائی لاکھ ڈالرز یعنی 1 اعشاریہ 6 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ڈھائی سال بعد امیتابھ بچن کو کرپٹوکرنسی سے 112 کروڑ بھارتی روپے کا منافع ہوا۔

مصنف کے بارے میں