Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی، جس میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت ترجیحات پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اجے بنگا کا عالمی بینک کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا اور عالمی بینک کی پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں معاونت کو سراہا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی بینک گروپ کے ساتھ طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جائے۔

وزیراعظم نے عالمی بینک گروپ کی معاونت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے اصلاحاتی پروگرامز پر عمل پیرا ہے، جن میں انفراسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی، مالیاتی اصلاحات اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں۔

عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی شراکت داریوں کے ذریعے نجی وسائل کے مؤثر استعمال اور قریبی ہم آہنگی سے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر تیز رفتار عملدرآمد اور موثر نگرانی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں بروقت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

ٹیگز: