یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدنے سے متعلق مبینہ ویڈیو لیک ہونے کا معاملہ، شہباز گل نے الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ کر دیا

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدنے سے متعلق مبینہ ویڈیو لیک ہونے کا معاملہ، شہباز گل نے الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدنے سے متعلق مبینہ ویڈیو سامنے آنے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے ایکشن لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ووٹ خریدتے ہوئے ویڈیو سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا چاہئے۔ یوسف رضا گیلانی کے پاس اب کوئی اخلاقی جواز نہیں بچتا الیکشن لڑنے کا۔ انہیں فوری طور پر انتخاب سے الگ ہو جانا چاہئے۔ ایسا چور خاندان جس میں بڑوں سے لے کر بچے تک چوری کرنے میں ماہر۔‘ 

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی سے ووٹوں کی خریداری کی مبینہ ویڈیو سامنے آئی۔  سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی حیدر گیلانی پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کر رہے ہیں اور ان کا ووٹ خریدنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

علی حیدر گیلانی نے پی ٹی آئی ایم این اے کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بھی بتایا اور  ذرائع کا کہنا ہے کہ ووٹ خریدنے کی یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے کی ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سینیٹ کی اسلام آباد سے نشست کیلئےاپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار ہیں جن کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار  عبدالحفیظ شیخ کے ساتھ ہے۔