Get Alerts

اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی:مولانا فضل الرحمن

 اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی:مولانا فضل الرحمن

 اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ،ن لیگ پیپلزپارٹی کا اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ ہے یا نہیں، میرے علم میں نہیں ،تمام اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے،اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد منظر عام پر آجائیگی ۔

 میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے  پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن  نے کہا کہ  تمام اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت گرانے کے بعد نئی حکومت کے قیام سے متعلق ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی،جب وہ مرحلہ آئے گا تو اس پر بھی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارا فوکس ہے کہ خزاں جائے، بہار آئے یا نہ آئے، ہم عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازعے میں نہیں پڑنا چاہتے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی،اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہی ہے ۔  ہمارا انحصار انفرادی شخصیات پر ہے۔

 مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا  کہ ہمارے پاس تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں،امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں،ہم نے ایمپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ایمپائر سے حکومت کی سپورٹ ختم کرانا تھی،اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر اعتماد کر رہی ہیں کیونکہ اب اپوزیشن جماعتوں کی ضرورت کامن ہو گئی ہے۔فضل الرحمن نے   کہاکہ عدم اعتماد کی تحریک کی سو فیصد کامیابی کا یقین ہے،حکومتی اتحادیوں سے بھی اپوزیشن جماعتیں رابطے میں ہیں۔

ٹیگز: