Get Alerts

بشریٰ انصاری کا ردعمل سامنے آ گیا، نقل والی وائرل ویڈیو پر اظہارِ ناپسندیدگی

بشریٰ انصاری کا ردعمل سامنے آ گیا، نقل والی وائرل ویڈیو پر اظہارِ ناپسندیدگی

کراچی: پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اپنی نقل اتارنے کی ایک حالیہ وائرل ویڈیو پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سامنے آ گئیں۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ ان کی نقل اتارنے والی ویڈیو پر وہ ناراض کیوں ہوئیں، جبکہ سوشل میڈیا پر کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ماضی میں بشریٰ انصاری خود بھی مختلف شخصیات کی نقلیں کرتی رہی ہیں۔

اس سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اپنی تعریف نہیں کرنا چاہتیں، تاہم انہوں نے ماضی میں صرف معروف گلوکاراؤں طاہرہ سید، نور جہاں، مسرت نذیر اور سلمیٰ آغا کے گانے گانے کے انداز کی نقل کی تھی، جن میں نہ تو کوئی غیر اخلاقی بات شامل تھی اور نہ ہی کسی کی شخصیت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ان پرفارمنسز میں شاعری اور مواد بھی معیاری تھا اور کسی کی ذاتی زندگی پر حملہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب جو ویڈیوز بنائی جاتی ہیں ان میں معیار اور احترام کا خیال نہیں رکھا جاتا۔

بشریٰ انصاری نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی فنکار کسی کا غلط انداز میں یا غیر مناسب طریقے سے مذاق اڑائے تو وہ اچھی پرفارمنس نہیں کہلاتی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سے قبل اداکارہ وینا ملک نے ان کی نقل کی تھی جسے انہوں نے سراہا تھا۔

اداکارہ کے مطابق انہیں ماضی میں ناہید اختر کی نقل کرنے کا بھی کہا گیا تھا، تاہم انہوں نے یہ کہہ کر انکار کیا کہ وہ اس کردار کے ساتھ مکمل انصاف نہیں کر سکیں گی۔
 
 
 

ٹیگز: