نواز شریف کی کتنی زمین اور کتنی ملز میں شیئرز؟ مکمل تفصیلات سامنے آ گئیں

نواز شریف کی کتنی زمین اور کتنی ملز میں شیئرز؟ مکمل تفصیلات سامنے آ گئیں

لاہور: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کتنی زمین کے مالک اور اور کتنی ملز میں ان کے شیئرز ہیں، اس کی مکمل تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ نیب کے تفتیشی افسر نے احتساب عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے اثاثوں کیلئے الیکشن کمیشن، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خطوط لکھے گئے۔ ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز ہیں جبکہ حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف 3 لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 ہے۔ اس کے علاوہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف 48 ہزار 606 شیئرز کے مالک ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل ہیں۔ نواز شریف کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں جبکہ غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے، لاہور اور شیخوپورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، مری کے اسسٹنٹ کمشنر اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی رپورٹ دی۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخوپورہ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں۔

نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہے۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی شامل ہے۔

اس کے علاوہ لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال، ضلع شیخوپورہ کے موضع منڈیالی میں 14 کنال اور موضع فیروز وطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس لاہور اور اسلام آباد کے مطابق نواز شریف کے نام پر 3 گاڑیاں اور 2 ٹریکٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ نواز شریف 1 لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹرز کے مالک ہیں۔