Get Alerts

ٹک ٹاک کی جانبس سے ڈائریکٹ میسجز میں نئے فیچرز متعارف

ٹک ٹاک کی جانبس سے ڈائریکٹ میسجز میں نئے فیچرز متعارف

بیجنگ: مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے صارفین کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) میں متعدد نئے فیچرز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد ایپ کو صرف ویڈیوز دیکھنے تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مکمل سوشل پلیٹ فارم بنانا ہے۔

ٹک ٹاک کے مطابق، اب صارفین ڈی ایمز میں 60 سیکنڈ تک کی آڈیو ریکارڈنگ بھیج سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، صارفین کو ایک ہی چیٹ میں نو (9) تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ میڈیا فائلز یا تو فون کے کیمرے سے براہ راست ریکارڈ کی جا سکتی ہیں یا گیلری سے منتخب کی جا سکتی ہیں، جن کے لیے ایڈیٹنگ آپشنز بھی دستیاب ہوں گے۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ یہ نئے فیچرز صارفین کو ویڈیوز دیکھنے کے علاوہ دو طرفہ رابطے اور مواد شیئر کرنے کا بہتر موقع فراہم کریں گے، بالکل واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی طرز پر۔

واضح رہے کہ 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے ڈی ایم کی سہولت غیرفعال ہے، جبکہ 16 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے نامناسب مواد سے بچاؤ کے خودکار حفاظتی اقدامات موجود ہیں۔ بالغ صارفین کو چیٹس میں فلٹر آن یا آف کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نئے فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو فراہم کر دیے جائیں گے۔

ٹیگز: