Get Alerts

الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کو انتخابی مہم چلانے سے روک دیا

الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کو انتخابی مہم چلانے سے روک دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو این اے 120 کے ضمنی الیکشن کی اپنی انتخابی مہم کا حصہ بننے سے روک دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ سیٹ گذشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر پولنگ 17 ستمبر کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ این اے 120 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد، صدر، وزیراعظم، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، اسمبلیوں کے اسپیکر، وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، گورنر، وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے مشیر، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اور سرکاری عہدہ رکھنے والے نہ کسی حلقے کے کسی علاقے کا دورہ کریں گے اور نہ ہی کھلے عام یا خفیہ طور پر کسی حلقے کے لیے عطیات یا سہولیات فراہم کرنے کا اعلان یا وعدہ کریں گے، نہ ہی کسی ترقیاتی منصوبے کے افتتاح یا آغاز کا اعلان کر کے اپنی پسند کے امیدوار کی حمایت کے ذریعے الیکشن کے نتائج پر اثرانداز ہوں گے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق سرکاری دفاتر رکھنے والے ان تمام افراد، بشمول وزیراعلیٰ پنجاب جو این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے اہم امیدوار ہیں کو پولنگ شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقے یا پولینگ اسٹیشن کا دورہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ اگر کوئی فرد ان قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تو ریپریزنٹیشن آف پیپلز ایکٹ 1976 کی دفعہ 103اے کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

                                                                   

ٹیگز: