اہم سیاسی پیشرفت، فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا

Significant political development, faisal vawda resigned from the National Assembly seat
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے اپنی نشست سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ یہ استعفیٰ ان کے وکیل نے نااہلی کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش کیا۔

تفصیل کے مطابق اسلام آباد کی عدالت عالیہ میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت کے دوران ان کے وکیل نے بتایا ہے کہ ان کے موکل نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوں نے بطور ثبوت یہ استعفیٰ عدالت کے روبرو بھی پیش کیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کیخلاف دائر نااہلی کی درخواست اب غیر موثر ہو چکی ہے کیونکہ ان کے موکل اب قومی اسمبلی کی نشست سے ہی مستعفی ہو چکے ہیں۔

خیا رہے کہ دوہری شہریت کے معاملے پر فیصل واوڈا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس کی سماعت کی جا رہی ہے۔ فیصل واوڈا حکمران جماعت پی ٹی آئی کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے امیدوار بھی ہیں۔

درخواست گزار میاں فیصل ایڈووکیٹ نے عدالت سے کہا کہ فیصل واوڈا نے نااہلی سے بچنے کیلئے استعفیٰ دیا، اس اہم معاملے پر سیاستدانوں کے بھی بیانات آ رہے ہیں۔

ادھر نمائندہ الیکشن کمیشن نے عدالت عالیہ کو بتایا ہے کہ کا کہنا تھا کہ قومی ادارے میں بھی جھوٹے بیان حلفی پر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کا معاملہ زیر التوا ہے۔ فیصل واوڈا نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالا ہے۔

عدالت کے روبرو بیرسٹرجہانگیر جدون کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے پتا نہیں ووٹ ڈالنے سے پہلے استعفیٰ دیا یا بعد میں؟ جب تک سپیکر استعفیٰ منظور نہ کرلے، متعلقہ شخص ایم این اے ہی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی بہت سے ارکان استعفیٰ دے چکے اور دوبارہ پارلیمنٹ آ جاتے ہیں۔ فیصل واوڈا دہری شہریت نہ رکھنے کا جھوٹا بیان حلفی دے کر صادق اور امین نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسا شخص پارلیمنٹ کا ممبر نہیں ہو سکتا۔ ریکارڈ سے واضح ہے کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی کی منظوری تک امریکی شہری تھے۔ 18 جون کو سکروٹنی ہوئی، 25 جون کو فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کی۔