پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا

سڈنی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا، سڈنی میں برسات کرکٹ پر غالب آگئی۔

پاکستانی اننگز کے دوران بھی بارش کی وجہ سے میچ روکا گیا، پھر کھیل کو پندرہ اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، آسٹریلوی ٹیم تین ہی اوور کھیل سکی تھی کہ پھر سے بارش ہوگئی، جس نے میچ ختم کراکر ہی دم لیا۔

پانی برسنے سے پہلے تین اوور کے کھیل میں آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان 41 رنز بنائے تھے، محمد عرفان کے ایک ہی اوور میں کینگروز نے 26 رنز بنائے تھے۔ بارش آسٹریلوی بیٹسمینوں کیلئے زحمت جبکہ پاکستانی بولرز کیلئے رحمت بن گئی۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس نے 15 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 119 رنز کا ہدف ملا۔

بابراعظم نے 38 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے، فخر زمان صفر، حارث سہیل صرف چار رنز بنا سکے، کپتان اور محمد رضوان کے درمیان 60 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کی پوزیشن کچھ بہتر بنائی، رضوان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی منگل کو کھیلا جائے گا۔