ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ فلمی صنعت میں خواتین کو آج بھی کئی معاملات میں مرد اداکاروں کے مقابلے میں امتیازی رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگرچہ وقت کے ساتھ کچھ مثبت تبدیلیاں ضرور آئی ہیں۔
ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کریتی سینن نے اپنے کیریئر کے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اداکارہ اپنے کردار، مکالموں یا کسی منظر سے متعلق وضاحت طلب کرے تو اسے اکثر غیر ضروری سوالات کرنے والی یا مشکل شخصیت قرار دے دیا جاتا ہے، جبکہ یہی رویہ اگر کوئی مرد اداکار اپنائے تو اسے کام سے سنجیدگی اور پیشہ ورانہ وابستگی سمجھا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران کئی مرتبہ مرد فنکاروں کو بہتر سہولیات اور زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ خواتین اداکاراؤں کو وہی توجہ اور احترام نہیں ملتا۔ ان کے مطابق بعض اوقات معاون ہدایت کار بھی مرد اداکاروں کے ساتھ مختلف انداز میں پیش آتے ہیں۔
کریتی سینن نے کہا کہ مسئلہ صرف بہتر کمروں یا دیگر سہولتوں کا نہیں بلکہ خواتین کے ساتھ اختیار کیے جانے والے رویے کا ہے، جو انہیں مردوں کے مقابلے میں کم تر محسوس کراتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں خواتین کے لیے مضبوط اور بااثر کردار بہت کم لکھے جاتے تھے، تاہم اب فلم ساز اس حوالے سے زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور خواتین پر مبنی کہانیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ کریتی سینن کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم کاک ٹیل 2 نے دنیا بھر میں تقریباً 137 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔