ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور رقاصہ نورا فتیحی نے عالمی امن اور بھائی چارے کے لیے اپنا موقف ظاہر کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کیا، لیکن اداکارہ نے اپنے ناقدین کو واضح اور پرعزم انداز میں جواب دیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے ممکنہ حملوں کی مذمت کی اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے اس مؤقف کے بعد کچھ افراد نے انہیں مخصوص مذہبی یا سیاسی موقف اپنانے کا الزام لگا کر ٹرول کیا۔
اس کے جواب میں نورا فتیحی نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ لوگ اب بات سننے اور سمجھنے کی صلاحیت کھو چکے ہیں، جبکہ تنقیدی سوچ تعلیم کے دوران سب کو سکھائی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا امن اور یکجہتی کا پیغام کسی ایک قوم یا ملک کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔
اداکارہ کے مطابق، امن اور اتحاد کی حمایت پر ناراضگی غیر ضروری ہے، اور افراتفری کے خلاف آواز بلند کرنا کسی کو دشمن نہیں بناتا۔ ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے موقف پر قائم ہیں اور اگر عالمی امن کا پیغام کسی کو اشتعال دلاتا ہے تو ایسے افراد کو اپنے رویے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ یاد رہے کہ نورا نے پہلے بھی مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ دل دہلا دینے والی خبریں اور مناظر انہیں جذباتی طور پر متاثر کر رہے ہیں۔