Get Alerts

پی سی بی کا بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، 21 ہزار نوجوان کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے

پی سی بی کا بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، 21 ہزار نوجوان کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کا آغاز 19 ستمبر سے ہوگا، جس میں ملک بھر کے 100 اضلاع کے تقریباً 1,400 سکولوں سے 21 ہزار نوجوان کرکٹرز حصہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ہفتہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بیکن ہاؤس سکول اور ایچی سن کالج کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا، جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

پی سی بی نے رواں سیزن میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دائرہ کار بھی وسیع کردیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں 39 اضلاع اور 450 سکولوں نے حصہ لیا تھا، جبکہ اس بار 100 اضلاع اور 1,400 سکولوں کو پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بورڈ کے مطابق نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل میں پی سی بی کے ایج گروپ اور پاتھ ویز پروگرام میں شامل ہونے کا موقع دیا جائے گا۔

افتتاحی میچ کے بعد شائقین کے لیے خصوصی میوزیکل پروگرام بھی رکھا گیا ہے، جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ افتتاحی میچ اور میوزیکل کنسرٹ میں شرکت کے لیے شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔

ٹیگز: