Get Alerts

لیجنڈ اداکارہ شمیم آرا کی آج دسویں برسی

لیجنڈ اداکارہ شمیم آرا کی آج دسویں برسی

لاہور : پاکستانی فلم انڈسٹری کی ممتاز اداکارہ، ہدایت کارہ اور پروڈیوسر شمیم آرا کی دسویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اپنی باوقار شخصیت، دلکش انداز اور جاندار اداکاری کی بدولت وہ کئی دہائیوں تک پاکستانی سنیما کی نمایاں ترین شخصیات میں شمار ہوتی رہیں۔

1938 میں بھارتی شہر علی گڑھ میں پیدا ہونے والی شمیم آرا نے 1956 میں فلم کنواری بیوہ سے فلمی سفر شروع کیا، جبکہ 1960 کی فلم سہیلی نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا، جس پر انہیں نگار ایوارڈ بھی ملا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں 80 سے زائد فلموں میں اداکاری کی، جن میں نائلہ، دیوداس، صاعقہ، لاکھوں میں ایک، انارکلی اور چنگاری شامل ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے ہدایت کاری اور فلم سازی کے میدان میں بھی کامیاب قدم رکھا اور پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون فلم ڈائریکٹر کے طور پر پہچان بنائی۔ انہیں اداکاری اور ہدایت کاری پر مجموعی طور پر نو نگار ایوارڈز سے نوازا گیا۔

شمیم آرا 5 اگست 2016 کو لندن میں 78 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، تاہم ان کی فلمیں اور پاکستانی سنیما کے لیے خدمات آج بھی انہیں شائقین کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگز: