دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے: فواد چوہدری

 دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے: فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین  نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں چوہدری فواد حسین نے لکھا کہ شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے، شدت پسندی منبر،سکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے  ،ریاست کے شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے  ہمیں اقدام کرنے ہوں گے اس کیلئے اتفاق رائے چاہئیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ جمعہ کی نماز کے دوران  تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس کے بعد ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔ افسوسناک سانحے میں اب تک 56  افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ  190 سے زائد زخمی  ہیں۔

 دھماکے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے محکمہ انسداد دہشتگردی کو  ایس ایچ او کی مدعیت میں مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں آیا جس کے پاس پستول تھا اور مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے بعد خود کش بمبار نے مسجد کے اندر  موجود نمازیوں پر فائرنگ کر دی اور  پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دوران نماز جمعہ نمازیوں کی بڑی تعداد شہید ہو گئی اور متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ  دھماکے سے مسجد کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

مصنف کے بارے میں