وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع، مصدق ملک کو وزیر خزانہ ، اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت شروع، مصدق ملک کو وزیر خزانہ ، اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد : وفاقی کا بینہ کی تشکیل کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورت شروع کردی ہے۔وزیر اعظم نے ملکی معیشت سے متعلق اجلاس میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار موجود نہیں تھے بلکہ سابق وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل سنیٹر مصدق ملک کو مشاورت کیلئے بلایا گیا۔ 

سینئر صحافی رانا غلام قادر کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے  مصدق ملک کو پہلی نشست دی ۔ قوی امکان ہے کہ ڈاکٹر مصدق ملک کو وزارت خزانہ کا قلم دان سونپا جائے۔ ا س اجلا س میں احد چیمہ کو بھی بلایا گیا۔ احد چیمہ کو وزیراعظم نے اپنا مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ وزیر اعظم آفس میں ہی بیٹھیں گے۔ 

عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات و نشریات‘ خوآجہ اصف کو وزیر دفاع ‘ اسحٰق ڈار کو وزیر خارجہ‘ احسن اقبال کو وزیر منصو بہ بندی و ترقیات بنائے جا نے کا امکان ہے۔ 

رانا تنویر حسین اور شزہ فاطمہ خواجہ بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔ جہانزیب خان وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہوں گے۔مسلم لیگ ( شجاعت حسین ) کے چوہدری طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ 

ایم کیو ایم کے بھی دو وزیر لئے جائیں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں پیپلزپارٹی وزارتیں لے گی۔

سینئر صحافی طارق عزیز کی رپورٹ کے مطابق قائد ن لیگ نوازشریف بھی اسحاق ڈار کو ہی وزیر خزانہ لانے کے حق میں ہیں ۔مصدق ملک اور ایک نجی بنک کے چیف ایگزیکٹو محمد اورنگزیب بھی دوڑ میں شامل  ہیں۔حتمی فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر کیا جائے گا ۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کو بھی وفاقی کابینہ کے پہلے مرحلے میں شامل کیا جائے گا ۔استحکام پاکستان پارٹی کے عبد العلیم خان کو بھی اہم وزارت دی جائے گی ۔علیم خان وزارت داخلہ کے خواہشمند  ہیں۔