اسلام آباد: اسلام آباد انتظامیہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت کاروباری اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق شہر میں دکانیں رات 8 بجے بند کرنا لازم ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بعض اہم اور ضروری شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ فارمیسیز، لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز اور اسپتال معمول کے مطابق کھلے رہیں گے تاکہ صحت کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں۔
اسی طرح پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز، ملک شاپس اور اسپورٹس جم کو بھی اپنے معمول کے اوقات کار کے مطابق کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہوٹل، تندور، کریانہ اسٹورز اور گروسری شاپس کے لیے رات 10 بجے بندش کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اسی طرح فروٹ و سبزی فروشوں اور بیکریوں کو بھی رات 10 بجے تک کاروبار بند کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔
مزید برآں شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے اور کفایت شعاری کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد توانائی کے اخراجات کم کرنا اور شہر میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔