وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستانی فٹ بال کا تحفہ

وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستانی فٹ بال کا تحفہ

شنگھائی: وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستانی فٹ بال کا تحفہ دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے شہر شنگھائی میں جاری بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کی اور شرکا سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر چینی صدر نے انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ روس کے وزیراعظم ، کینیا کے صدر اور مالٹا کے وزیراعظم بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پویلین میں عالمی سربراہان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے چینی صدر کو فٹ بال کا تحفہ دیا۔ عمران خان نے عالمی رہنماؤں کو پاکستانی مصنوعات کے بارے میں بریف کیا اور خصوصا پاکستانی اسپورٹس صنعت پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے 5 روزہ دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان آج شام دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔