اے این پی نے پی ڈی ایم سے راہیں جُدا کر لیں 

اے این پی نے پی ڈی ایم سے راہیں جُدا کر لیں 
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور :ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو نیوز نصر اللہ ملک نے بڑی خبر دیتے ہوئے کہا اے این پی نے واضح کر دیا کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ اس صورتحال میں نہیں چلنا چاہتی،،نصر اللہ ملک کا کہنا تھا کہ اے این پی کے جانے سے پی ڈی ایم اتحاد کو بڑا دھچکا لگے گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈلنے کی خبریں گزشتہ کئی روز سے میڈیا کی زینت بنی ہوئی تھیں ،اب پی ڈی ایم میں شامل بڑی سیاسی جماعت اے این پی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس صورتحال میں پی ڈی ایم کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو نیوز نصر اللہ ملک نے کہا مسلم لیگ (ن) کے استعفوں کے فیصلے پر پیپلز پارٹی خاصی ناراض تھی،مسلم لیگ (ن) کے استعفوں کو لانگ مارچ سے مشروط کرنے پر اختلافات پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں ہوئے۔

نصر اللہ ملک نے مزید کہا شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد اے این پی نے پی ڈی ایم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے،معروف صحافی و تجزیہ کار نصر اللہ ملک کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے علیحدہ ہونے کے بعد پی ڈی ایم کو بہت نقصان ہوگا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اپوزیشن اتحاد میں طے کئے گئے اصولوں سے انحراف پر پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے تھے،اپوزیشن اتحاد کی دونوں اہم جماعتوں کو جاری کئے گئے نوٹسز میں واضح کیا ہے اس کے جوابات کو 7 روز کے اندر اندر فراہم کیا جائے،ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دونوں جماعتوں کو یہ شوکاز نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو یہ نوٹسز پی ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی نے بھجوائے تھے،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کو براہ راست بھیجے گئے ان نوٹسز میں ان سے ہی جواب طب کیا گیا تھا۔