پشاورضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کے ہاتھوں مسلم لیگ ن، پی پی پی، جماعت اسلامی کو شکست

پشاورضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کے ہاتھوں مسلم لیگ ن، پی پی پی، جماعت اسلامی کو شکست
سورس: File

پشاور :  پشاور کی تحصیل متھرا میں چیئرمین کی خالی نشست پر اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی حاصل کر لی۔ تحصیل متھرا کی چیئرمین شپ کے لیے چھ امیدوار میدان میں تھے جن میں جے یو آئی کے رفیع اللہ، پی ٹی آئی سے انعام اللہ، جے آئی سے افتخار احمد، اے این پی کے عزیز غفار خان، پی پی پی کے علی عباس خان اور مسلم لیگ ن کے فضل اللہ شامل ہیں۔ 

اتوار کی رات گئے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار انعام اللہ 20 ہزار 333 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار رفیع اللہ 13,564 ووٹ لے کر دوسرے اور جماعت اسلامی (جے آئی) کے افتخار احمد 9,546 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 218,630 تھی جن میں سے 120,738 مرد ووٹرز اور 97,892 خواتین ووٹرز تھے۔ یہ نشست جے یو آئی (ف) کے تحصیل متھرا کے چیئرمین فرید اللہ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

دوسری جانب ایبٹ آباد کی حویلیاں تحصیل چیئرمین کا انتخاب آزاد امیدوار نے جیت لیا۔

اتوار کی شب اعلان کردہ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ایبٹ آباد کی حویلیاں تحصیل چیئرمین کے انتخاب میں آزاد امیدوار عزیر شیر خان 21 ہزار 464 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار افتخار جدون 18 ہزار 527 ووٹ لے کر دوسرے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک طلحہ 14 ہزار 892 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں نو یونین کونسلوں اور 34 ویلج کونسلوں پر مشتمل ہیں۔ ووٹرز کی کل تعداد 165,800 ہے جن میں 88,364 مرد ووٹرز اور 77,436 خواتین ووٹرز ہیں۔

134 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 34 کو حساس قرار دیا گیا۔ پولنگ ڈیوٹی کے لیے 2,071 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ یہ نشست عاطف منصف کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی۔

مصنف کے بارے میں