وزیر خارجہ خواجہ آصف ایک روزہ دورے پر چین روانہ

وزیر خارجہ خواجہ آصف ایک روزہ دورے پر چین روانہ

اسلام آباد:  وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف چین کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ بھی ان کے ہمراہ ہیں نور خان ایئر بیس پر وزارت خارجہ کے حکام اور چینی سفیر نے انہیں رخصت کیا ۔وزیر خارجہ کل  چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔ وہ چینی ہم منصب سمیت اعلی چینی حکام کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تبدیلیوں سے متعلق امور کا جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات چین کے سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ برکس اعلامئے کے حوالے سے چین کا دورہ کر رہے ہیں، ہم نے پاکستان سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق چینی سفیرسن وی ڈونگ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف موقف کی حمایت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ برکس اعلامئے میں دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے بات ہوئی ہے، اس معاملے پر پاکستان سے مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستان کے لیے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔