رمیز راجہ کی کھلاڑیوں سے ملاقات، گائیڈ لائنز دیں اور اعتماد میں لیا

 رمیز راجہ کی کھلاڑیوں سے ملاقات، گائیڈ لائنز دیں اور اعتماد میں لیا
کیپشن: رمیز راجہ کی کھلاڑیوں سے ملاقات، گائیڈ لائنز دیں اور اعتماد میں لیا
سورس: فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کیساتھ ملاقات کی ہے۔ ملاقات نیشنل ہائی پرفارمنس سںٹر لاہور میں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ نے ورلڈ کپ ٹی20 سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں سے ملے ہیں۔ ملاقات میں ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ٹیم سلیکشن کے حوالے سے بھی مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے گفتگو ہوئی۔ نامزد چئیرمین نے کھلاڑیوں کو کارکردگی کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی دیں اور اعتماد میں لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رمیز راجہ نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین پی سی بی بننے کی صورت میں ان کے مسائل حل کیے جائیں گے، تاہم نامزد چیئرمین نے کھلاڑیوں پر واضح کیا کہ انہیں ماضی کی نسبت بہتر نتائج چاہیں۔

رمیز راجہ کی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے بابر اعظم کو میگا ایونٹ کے لئے اپنی ٹیم کا انتخاب کرنے کی آزادی دے دی تاہم انہوں نے کپتان سے نتائج کا مطالبہ بھی کیا۔ آج ہی خبر آئی تھی کہ ٹیم کے انتخاب پر کپتان بابر اعظم نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مبینہ طور پر کرکٹراعظم خان اورصہیب مقصود کو چیف سلیکٹرمحمد وسیم کی سفارش پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ سلیکشن پر مصباح الحق اور بابر اعظم کو اعتراض تھا۔

سابق کرکٹر انضمام الحق نے بھی ورلڈ کپ کےلیے منتخب کی گئی ٹیم پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے فہیم اشرف، فخرزمان اور شرجیل خان کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سرفراز اور دیگر کھلاڑیوں کو بھی پتہ نہیں کیوں باہر رکھا گیا۔ شعیب ملک کو اگراسکواڈ میں شامل کیاجاتا تو بہتر ہوتا۔ شرجیل اور فخرزمان ٹی 20فارمیٹ کےلیے بہترین کھلاڑی ہیں۔