کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس

Karachi tops list of world's most polluted cities today, Air Quality Index
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: ایئر کوالٹی انڈیکس نے آج شہر قائد کراچی کو دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج سرفہرست قرار دیدیا ہے۔ کراچی میں آج آلودہ ذرات کی مقدار 351 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔

فضا میں موجود کیمیائی ذرات، زہریلے اجزا، گیسز اور دیگر مضر صحت چیزوں کی موجودگی مانپنے کو ائیر کوالٹی انڈیکس کہا جاتا ہے۔ انھیں پارٹیکیولیٹ میٹر کہتے ہیں۔ ان زہریلے مواد کو پی ایم دس اور پی ایم دو اعشاریہ پانچ میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایم 2.5 ذرات اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ ان کو انسانی آنکھ سے دیکھنا ناممکن ہے۔ یہ زہریلے ذرات انسانی خون میں شامل ہو کر شدید نقصان پہنچانے کا سبب بن جاتے ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے فضائی کوالٹی کا جو معیار بنایا گیا ہے اس کے مطابق ایک دن میں کسی علاقے کی فضا میں موجود ان زہریلی گیسوں یا ذرات کی تعداد پچیس مائیکروگرام فی کیوبک میٹر سے زیادہ ہو تو اسے آلودہ سمجھا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں عالمی وبا کے دوران لگنے والے لاک ڈاؤن کے دنوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں حیرت انگیز کمی دیکھی گئی تھی۔ گاڑیوں، ہوائی جہازوں، کارخانوں اور فیکٹروں سمیت دیگر عوامل کی بندش کو فضائی آلودگی کے خاتمے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا تھا۔

2006ء میں جب صوبہ پنجاب میں فضائی آلودگی (سموگ) نے ڈیرے ڈالے تو ہر طرف تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اس خطرے کو بھانپتے ہوئے ہی سابق حکومت نے فضائی آلودگی کو جانچنے کا کام شروع کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے آلودہ ترین ملکوں میں ہونے لگا ہے۔ کراچی اور لاہور کی فضا اکثر ائیر کوالٹی انڈیکس میں آلودہ پائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کیساتھ ساتھ عوام کو بھی اس خطرناک صورتحال سے بچنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جس میں درخت لگانا سرفہرست ہے۔