خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب حکومت کا بڑا تحفہ، جائیدادی حق کے تحفظ پر نیا مسودہ قانون تیار

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب حکومت کا بڑا تحفہ، جائیدادی حق کے تحفظ پر نیا مسودہ قانون تیار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب حکومت نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پہلی بار خواتین کے جائیدادی حق کے تحفظ پر نیا مسودہ قانون تیار کر لیا ہے جس کے مطابق  خواتین پراپرٹی میں درپیش مسائل کے حل کے اب براہ راست خاتون محتسب کو درخواست دے کر اپنا ملکیتی حق لے سکیں گی۔ 

 تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے وراثتی جائیداد میں ملکیتی حق اور قبضے جیسے مسائل پر خواتین کی شنوائی کیلئے پہلی بار نئی قانون سازی کرتے ہوئے خواتین کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے مسودہ قانون تیار کرلیا ہے  جس میں خواتین کے نام پر ہونے والی پراپرٹی کے تحفظ کیلئے اقدامات ہوں گے، یہ قانون خواتین کے منقولہ اور غیر منقولہ پراپرٹی حقوق کا تحفظ کرے گا  جبکہ خواتین کو جائیداد سے متعلق درپیش مسائل کے حل کیلئے خاتون محتسب کو اس قانون کے تحت مکمل اختیارات ہوں گے۔

 نجی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے قانون کے تحت خواتین اپنی جائیداد سے متعلق درپیش مختلف مسائل پر عدالت سے پہلےخاتون محتسب کو درخواست دے سکیں گی، خواتین کے جائیداد پر ملکیتی حق کیلئے خاتون محتسب کو فیصلہ کرنے کے مکمل اختیارات ہوں گے جو متاثرہ خاتون کی درخواست پر مزید تفتیش کیلئے ڈپٹی کمشنر سے 15 دن کے اندر رپورٹ طلب کرسکتی ہے اور فیصلہ دینے کے بعد پولیس افسر کو سات دن میں اس پر عملدرآمد کا حکم دے سکے گی ۔

 ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد اس قانون پر پنجاب بھر باقاعدہ عملدرآمد ہوگا جس سے نہ صرف سرکاری بلکہ نجی شعبہ سے وابستہ خواتین اس قانون کا فاعدہ لے کر اپنے پراپرٹی کے مسائل پر انصاف حاصل کر سکیں گی۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہےجس کا مقصد خواتین کے مساوی حقوق کیلئے کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔