Get Alerts

خواتین کی ترقی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ضروری: وزیراعظم

خواتین کی ترقی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ضروری: وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں اور انہیں ہر شعبے میں اہم کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "خواتین نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ملکی ترقی میں بھی ان کا حصہ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "خواتین ہر شعبے میں بہترین انداز میں کام کر رہی ہیں، اور ملکی ترقی کے لیے انہیں مزید مواقع دینا وقت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ارفع کریم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ارفع کریم نے آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر ریکارڈ قائم کیا،" جبکہ نصرت بھٹو اور کلثوم نواز کی جدو جہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "انہوں نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی۔" اسی طرح مریم نواز کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ "مریم نواز بطور وزیراعلیٰ بہترین انداز میں صوبے کی خدمت کر رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ "عورت کی تربیت نسلوں کو بہتر بنا سکتی ہے اور خواتین پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔" انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ "جب میں وزیراعلیٰ تھا، تو خاص طور پر جنوبی پنجاب میں خواتین کی تعلیم ایک بڑا مسئلہ تھا، جسے ہم نے حل کرنے کے لیے اقدامات کیے۔
وزیراعظم نے چائلڈ لیبر کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "میرے دور وزارت میں پنجاب کے بھٹوں میں چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا گیا۔" انہوں نے اسلام آباد میں ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ "ہم اس میں مزید بہتری لانے کے اقدامات کریں گے۔
آخر میں، وزیراعظم نے سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "اگر کوئی اچھا کام ہوتا ہے تو اگلی حکومت اسے ختم کر دیتی ہے، لیکن اچھے کاموں کو جاری رکھنا چاہیے تاکہ وہ عوام کی فلاح کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔

ٹیگز: