پی ڈی ایم ختم ہو گئی اور وزیراعظم کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی، شیخ رشید

پی ڈی ایم ختم ہو گئی اور وزیراعظم کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی، شیخ رشید
کیپشن: پی ڈی ایم ختم ہو گئی اور وزیراعظم کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہو گی، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ پی ڈی ایم اب ختم ہو چکی ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی جبکہ عمران خان اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کی قیادت سمجھدار ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کو ہرزہ سرائی کی قیمت چکانا ہو گی اور یہ جتنا زور لگا لیں لیکن عمران خان 5 سال پورے اور اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گا جبکہ وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان منہگائی کنٹرول کر لیں گے اور رمضان پیکج کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل شیخ رشید نے پاکستان رینجرز سندھ کی 28 ویں پاسنگ آؤٹ میں شرکت کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ پریڈ کے شرکا اور مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کا کراچی کے امن اور ترقی میں کردار نمایاں ہے۔ امید ہے کامیاب ہونے والے رینجرز کے جوان قومی جذبے سے خدمات سر انجام دینگے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی کی ضامن ہیں۔ مسلح افواج میں شمولیت کسی بھی جوان اور اس کے خاندان کے لئے باعث فخر ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن جماعتیں ایک طرف اور عمران خان ایک طرف لیکن وہ پی ڈی ایم کے سامنے نہیں جھکے اور اب پی ڈی ایم کا اتحاد پارہ پارہ ہو گیا ،وزیر اعظم پہلے دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ کرپشن پر کوئی کمپرو مائز نہیں ہو گا۔ 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ ہمیں اپوزیشن کی کوئی بات نہیں کرنی ،ہمارا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کیساتھ نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے۔ حکومت عوام کے ریلیف اور فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔