تحریک عدم اعتماد کے بعد تحریک انصاف کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی 

تحریک عدم اعتماد کے بعد تحریک انصاف کیلئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی 

لاہور:تحریک عدم اعتماد کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت کیخلاف نئی مشکل کھڑی کر دی ،مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف پر منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اصل سازش 2008 سے 2013 کے درمیان ہوئی تھی جس میں ملک کے اندر 26غیرملکی فنڈنگ کے خفیہ اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک سے منی لانڈرنگ کر کے پیسے منگوائے گئے تھے۔

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پارلیمان میں جمع کرائی جا چکی ہے اور تحریک عدم اعتماد اور سیشن کی ریکویزیشن اراکین اسمبلی کے دستخط کے ساتھ ایوان میں جمع کرائی جا چکی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس کے بعد اخلاقی طور پر عمران صاحب کو بطور وزیراعظم کوئی خطاب نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس وقت جو ان کی ذہنی حالت ہے اور آج جو انہوں نے خطاب کیا تو اس سے لگ رہا تھا کہ دھمکیاں، غنڈہ گردی اور جس قسم کی بات وہ کررہے تھے، اس سے صاف ظاہر ہے کہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج جس قسم کی گفتگو کی اس سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی خوشخبری عوام کو مل چکی ہو گی، ان کی شکست ان کے چہرے، باڈی لینگویج، بیان اور تقریر سے ظاہر ہو چکی ہے، پاکستان کے عوام کو یہ خوشخبری مل چکی ہے کہ جو نالائق، چور اور کرپٹ ٹولا عمران صاحب کی شکل میں ساڑھے تین سال قبل عوام پر مسلط کیا گیا تھا، وہ جا چکا ہے اور آج کے بیان سے واضح ہو چکا ہے کہ ان کی سیاسی موت ہو چکی ہے۔

مسلم لیگ کی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم آج اپنے ٹارگٹ بتاتے رہے، جب انہوں نے ٹارگٹ کی بات کی تو میں سمجھی تھی کہ آٹے کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا جائے گا، دوسرا ٹارگٹ چینی کی قیمت کم کرنے کا اعلان ہو گا، 50لاکھ گھروں کا اعلان ہو گا، ایک کروڑ نوکری کے بارے میں موصوف کچھ بتائیں گے لیکن ٹارگٹ پر آج بھی سیاسی حریفوں پر وہی جھوٹے الزامات، گندی زبان اور گالی تھی۔

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے کہا کہ ملک میں سازش 2008 سے 2013 کے درمیان ہوئی تھی جس میں ملک کے اندر آپ نے 26غیرملکی فنڈنگ کے خفیہ اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک سے منی لانڈرنگ کر کے پیسے منگوائے تھے، جب آپ کو ملک پر مسلط کیا گیا تھا تو وہ اس ملک کے خلاف بیرون ملک سازش ہوئی تھی۔انہوں نے تحریک انصاف اور عمران خان پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈنمارک، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، سوئیڈن، نیوزی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، آسٹریا، سعودی عرب، ناروے اور آسٹریلیا سے پیسے آنے والی ترسیلات زر کو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا گیا، پاکستان کے خلاف اصل بیرون ملک سازش یہ تھی جو آپ نے خفیہ فنڈز کے ذریعے کی۔

انہوں کہا کہ پی ٹی آئی کے بیرون ملک امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، فن لینڈ، ناروے اور نیوزی لینڈ کے دفاتر کے فنڈز کو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا گیا، اس ملک کے خلاف اصل سازش یہ تھی۔