Get Alerts

افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ، احمد مسعود کا طالبان رجیم پر کڑا وار

 افغانستان دہشت گردوں کی آماجگاہ، احمد مسعود کا طالبان رجیم پر کڑا وار

کابل : افغانستان کے معروف سیاستدان اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (NRF) کے سربراہ احمد مسعود نے افغان طالبان کی موجودہ پالیسیوں اور دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کے خلاف سخت ترین موقف اختیار کرتے ہوئے دنیا کو بڑے خطرے سے آگاہ کر دیا ہے۔

احمد مسعود کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجودہ ابتر حالات براہِ راست طالبان رجیم کے برے اعمال کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ افغانستان اس وقت صرف ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) کا ہی مسکن نہیں ہے، بلکہ وہاں 20 سے زائد بین الاقوامی دہشت گرد گروہ آزادی کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جس طرح ماضی میں القاعدہ اور اسامہ بن لادن کو پناہ دی گئی تھی، آج وہی تاریخ ایک بار پھر دہرائی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں احمد مسعود نے واضح کیا کہ  آج کا افغانستان اپنے ہی شہریوں کے لیے ایک جہنم کی مانند ہے، جبکہ دہشت گردوں کے لیے اسے ایک محفوظ جنت بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کی جانب سے دہشت گردی کی پشت پناہی اور "وار اکانومی" (جنگ کی معیشت) کے فروغ نے عام افغان شہری کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جس کی وجہ سے طالبان رجیم کے خلاف نفرت کی لہر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دفاعی اور سیاسی ماہرین نے احمد مسعود کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ بات قطعی طور پر ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ افغانستان کو دہشت گرد عناصر کے لیے ایک "لانچنگ پیڈ" کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق افغان عوام طالبان کی آمریت اور انتہا پسندانہ طرزِ حکومت سے تنگ آ چکے ہیں۔ افغانستان کا دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بننا نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی سلامتی کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے۔
احمد مسعود نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان پر مسلط اس غیر قانونی رجیم کے خلاف ان کی جدوجہد اور نفرت کبھی کم نہیں ہوگی۔

ٹیگز: