Get Alerts

میرا کا انٹرویو میں سخت ردعمل، “سائیکو” کہنے پر ناراضی کا اظہار

میرا کا انٹرویو میں سخت ردعمل، “سائیکو” کہنے پر ناراضی کا اظہار

لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو کے دوران خود کو “سائیکو” کہے جانے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی میڈیا اور عوام سے فنکاروں کو عزت دینے کی اپیل کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک میزبان نے اداکارہ میرا سے ان کی نئی فلم ‘سائیکو’ سے متعلق گفتگو کے دوران یہ جملہ کہا کہ وہ پہلے بھی “سائیکو” رہی ہیں اور فلم میں بھی یہی کردار ادا کیا ہے۔

اس سوال پر اداکارہ میرا برہم ہو گئیں اور انہوں نے میزبان کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ اگر اپنے ہی ملک میں فنکاروں کو عزت نہیں دی جائے گی تو یاد رکھیں کہ انہیں انڈیا میں بہت قدر و منزلت ملتی ہے۔

میرا نے واضح کیا کہ ان کے بارے میں اس طرح کا تاثر دینا کہ وہ پہلے بھی “سائیکو” تھیں، بالکل غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم میں ایک نہایت مشکل اور سنجیدہ کردار ادا کیا ہے اور انہیں امید تھی کہ ان کی پرفارمنس اور فلم ساز شان شاہد کی کوششوں کو سراہا جائے گا۔

اداکارہ کے مطابق یہ فلم ذہنی دباؤ (ڈپریشن) جیسے حساس موضوع پر مبنی ہے، جس کا مقصد معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا ہے، اس لیے ان کے کردار کو سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے نہ کہ اسے مذاق یا طنز کا نشانہ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ فلم ‘سائیکو’ جیو فلمز کے بینر تلے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی، جس میں شان شاہد، سونیا حسین، میرا، شبیر جان سمیت دیگر نامور اداکاروں نے کردار ادا کیے ہیں۔

ٹیگز: