لاہور: پاکستان میں مہلک وائرس مزید 43 زندگیاں لے گیا ، ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 324 ہوگئی ، 24 گھنٹے میں ایک ہزار 786 نئے مریض رپورٹ ، 39 ہزار 425 ٹیسٹ کیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 تک پہنچ گئی ، 5 لاکھ 65 ہزار 216 افراد صحت یاب ہو چکے ۔
این سی او سی کے مطابق پنجاب میں عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 654 ہوگئی ، اسلام آباد میں 46 ہزار 229 ، سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 150 ، خیبرپختونخوا میں 74 ہزار 433 ، بلوچستان میں 19 ہزار 191 ، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 959 جبکہ آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد 10 ہزار 673 ہوگئی ہے ۔
ادھر اسلام آباد میں وبا کے کیسز رپورٹ ہونے پر 3 تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ ڈی ایچ او نے ڈپٹی کمشنر کو سکولوں کو بند کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ۔
دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کی ویکسی نیشن کا اگلا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے ، 60 سے زائد عمر کے افراد کو چینی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین سائینو فارم لگائی جائے گی ، ویکسین کی رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو شناختی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجنا ہوگا ۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ کے 20 ، لاہور کے 5 اور گجرات کے 3 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے ۔