گلڈفورڈ :پاکستان انڈر 19 نے پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ انڈر 19 کو 177 رنز سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔ عثمان خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 115 رنز بنائے۔
دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 268 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے سامنے 333 رنز کا بڑا ہدف رکھا۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں صرف 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد سیام نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 39 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے چار میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا۔