چودھری نثار کو میاں برادران کے ساتھ ہونا چاہیے تھا لیکن مشکل میں ساتھ چھوڑ دیا: غلام سرور

چودھری نثار کو میاں برادران کے ساتھ ہونا چاہیے تھا لیکن مشکل میں ساتھ چھوڑ دیا: غلام سرور
سورس: file

چکری: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا ذمہ دار چوروں کا وہ ٹولہ ہے جو ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ عمران خان چوروں کا ہرصورت احتساب کرکے رہیں گے، آج بچہ بچہ کہہ رہا ہے کہ شریفوں کا سارا ٹبر چور ہے۔

چکری کے نواح میں کولیاں تا دیدڑ روڈ اور پل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگوں کے جو مسائل 35 سال میں حل نہیں ہوئے وہ حل کرنے جارہے ہیں۔ تین بار وزارت عظمٰی پر بیٹھنے والے کو عوام نے عزت دی لیکن انہیں عزت راس نہ آئی۔

انہوں نے کہا کہ  بائیس کروڑ عوام کا خون چوسا گیا اور اپنے محل کھڑے کئے گئے جو بھی شخص اس ملک کے ساتھ زیادتی کرے گا وہ دونوں جہانوں میں رسوا ہوگا۔تین سال میں کوئی ہم پر انگلی نہیں اٹھا سکتا کہ کسی شخص پر سیاسی بنیادوں پر پرچہ کرایا ہو۔ 

وفاقی وزیر نے چودھری نثار کا نام لیئے بغیر کہا کہ علاقائی چوہدریوں کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا انہوں نے علاقے کی اس طرح خدمت نہیں کی جس طرح یہ کرسکتے تھے۔آج تو اس شخص کو کھڑا ہونا چاہیے تھا نواز شریف، شہباز شریف کیساتھ لیکن یہ مشکل کے اس وقت میں ان لوگوں کے ساتھ بھی نہیں ہے۔