عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت، حمزہ شہباز لاہور ہائیکورٹ پیش

عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت، حمزہ شہباز لاہور ہائیکورٹ پیش
کیپشن: حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ مسلم لیگ ن فیس بُک پیج

 لاہور:لاہور ہائیکورٹ میں دو کیسز میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کے لئے حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہو گئے۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانتیں کرا رکھی ہیں۔ حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نیب نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی آج ممکنہ ضمانت منسوخی پر گرفتاری کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر نیب کی تین خصوصی ٹیمیں عدالت کے باہر موجود ہونگی۔

نیب حمزہ شہباز کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہا ہے اور حمزہ نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے آج اس بات کے امکانات زیادہ ہیں کہ حمزہ کی ضمانت میں مزید توسیع نہیں ہو گی۔

نیب پراسیکیوٹرز کی جانب سے حمزہ شہباز کے خلاف ابتک جو بھی شواہد سامنے آئے ہیں انہیں باقاعدہ فائل کا حصہ بنا دیا گیا ہے اور آج عدالت کو قائل کیا جائیگا کہ مزید تحقیقات کیلئے حمزہ شہباز کی گرفتاری ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق زرداری کی گرفتاری کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حمزہ کی ضمانت میں بھی مزید توسیع نہیں ہو گی وہ بھی چند ماہ سے عبوری ضمانت پر ہیں جبکہ چیئرمین نیب نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

آخری پیشی پر عدالت نے سختی سے ہدایت کی تھی کہ آئندہ پیشی پر وکلا پیش ہو کر دلائل دیں تاکہ اس پر فیصلہ سنایا جا سکے۔