Get Alerts

ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کو فون، قطر پر حملے کو غیر دانش مندانہ قرار دیدیا

ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کو فون، قطر پر حملے کو غیر دانش مندانہ قرار دیدیا

واشنگٹن/دوحہ: قطر میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے فون پر بات کی اور اس کارروائی پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے حملے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا اور پوچھا کہ کیا یہ حملہ کامیاب رہا؟

اسرائیلی وزیراعظم نے جواب دیا کہ انہیں ایک موقع ملا تھا اس لیے کارروائی کی گئی۔ دوسری جانب قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اس حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

قطری وزارت خارجہ نے بھی نیتن یاہو کے قطر میں حماس کے دفتر سے متعلق بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دھمکیاں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ وزارت نے کہا کہ نیتن یاہو کو اپنے عمل کا جواب دینا ہوگا۔

نیتن یاہو نے قطر میں حملے کو امریکا کے اسامہ بن لادن آپریشن سے تشبیہ دی اور کہا کہ دہشت گردوں کو چاہے کہیں بھی ہو، انجام تک پہنچانا ان کا عہد ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ قطر حماس کے دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے اور مالی مدد فراہم کرتا ہے۔

امریکی میں اسرائیلی سفیر یچیل لیٹر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوا تو اگلی بار ضرور ہو گا، اور دہشت گردوں کو جہاں بھی پایا جائے گا، نشانہ بنایا جائے گا۔

ٹیگز: