اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشیں آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہیں گی۔ ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ تیز ہے، تاہم ستلج، راوی اور چناب میں صورتحال قابو میں ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں 24 لاکھ اور سندھ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور حکومت نے پنجاب کو 9 ہزار ٹینٹ اور 9 ہزار ٹن سے زائد راشن فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 سے 18 ستمبر کے دوران وسطی پنجاب اور آزاد کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں کو ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیالکوٹ اور نارووال میں بارش سے شدید نقصان ہوا ہے جبکہ سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر نے بتایا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث اب تک 900 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ متاثرین کی مدد اور بچوں کے مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔