اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو قانون کے سامنے جواب دہ ہونا ہوگا اور کسی بھی مجرم کی سزا احتجاج یا ہنگامے کے ذریعے ختم نہیں کی جا سکتی۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 9 مئی کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سب نے دیکھی ہیں۔ وزیر قانون نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بھی اس میں ملوث ہے اور انہیں قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر قانون کے سامنے خود کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دیگر رہنما بھی قانون کے دائرے میں آتے ہیں اور انہیں عدالتوں سے ہی ریلیف لینا ہوگا۔
وزیر قانون نے کہا کہ عدالتیں سزاؤں کے خلاف اپیلیں سنیں گی اور قانون کے مطابق فیصلے کریں گی۔