اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا کردیا، ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے اور کوشش کی کہ پاکستان تعلیم کے میدان میں دوسرے ممالک سے پیچھے نہ رہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ کے بچوں کو تعلیم کی بہترین سہولیات میسر آجاتی ہیں جبکہ غریب کے بچوں کو تعلیم کے عام مواقع بھی دستیاب نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کو اشرافیہ کے بچوں کے برابر لانے کے لیے اقدامات کیے اور دور دراز علاقوں کے غریب طلبہ کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غریب کا بچہ اعلیٰ تعلیم سے کیوں محروم رہے؟ اسی مقصد کے تحت پنجاب میں دانش اسکول قائم کیے گئے اور ان کا دائرہ کار دیگر علاقوں تک بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ دانش اسکولوں کی طرز پر تعلیمی ادارے قائم کریں تاکہ غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو جدید تعلیم کے حصول کے لیے چین بھیجا گیا، جبکہ حکومت نے میرٹ پر 7 لاکھ طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق رواں سال بھی طلبہ و طالبات میں ڈھائی لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔