Get Alerts

چائلڈ پورنوگرافی کے جھوٹےالزامات شئیر کرنے پر انسٹاگرام کا صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کا انکشاف

چائلڈ پورنوگرافی کے جھوٹےالزامات شئیر کرنے پر انسٹاگرام کا صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کا انکشاف

لندن:سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق غلط الزامات کے تحت متعدد صارفین کے اکاؤنٹس، جن میں کمائی کرنے والے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں، بغیر کسی وضاحت یا اپیل کے مستقل طور پر بند کر دیے گئے۔

انسٹاگرام اور اس کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے بچوں کے نامناسب مواد کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ کر رکھی ہیں، جن کے تحت کسی بھی مشکوک ویڈیو یا تصویر کی موجودگی پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ تاہم حالیہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کئی صارفین کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے یا محض مشین لرننگ سسٹم کی غلطی کی بنیاد پر بلاک کر دیے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کے مطابق، ایسے متعدد واقعات کے بعد متاثرہ صارفین نے آن لائن پٹیشنز شروع کر دی ہیں، جن میں انسٹاگرام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور شفاف اپیل کا نظام متعارف کروائے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام کا خودکار نظام (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کبھی کبھار ماں بیٹے یا والد بیٹی کے درمیان کسی معصوم لمحے کو بھی غلط طور پر قابل اعتراض مواد تصور کر لیتا ہے، جس کے باعث اکاؤنٹ معطل یا بند کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح کسی بھی بڑے فرد اور کم عمر بچے کے درمیان دکھائے گئے رومانوی یا تخیلاتی مناظر کو بھی غلط طور پر چائلڈ پورنوگرافی قرار دیا جاتا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ نہ صرف ان کے اکاؤنٹس بند کیے گئے بلکہ انہیں اپیل یا وضاحت کا موقع بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ ماہرین نے میٹا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں پر دوبارہ غور کرے اور خودکار نظام کے بجائے انسانی نگرانی کو بھی شامل کرے تاکہ بے گناہ صارفین متاثر نہ ہوں۔

ٹیگز: